کولکاتہ، 4 /دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) یوگا گرو رام دیو نے کہا کہ ترنمول کانگریس سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نوٹ بندی نہیں بلکہ اس کے لاگو کرنے کے طریقے کے خلاف ہیں۔انہوں نے ایک سیمینار میں کہا کہ وہ ممتا بنرجی کی تعریف کرتے ہیں کیونکہ وہ کافی سادگی پسند ہیں اور چھوٹے گھر میں رہتی ہیں اور ہوائی چپل پہنتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ممتا بنرجی نوٹ بدی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ اس کے لاگو کرنے کے طریقے سے خوش نہیں ہیں۔قابلِ ذکرہے کہ ممتابنرجی نوٹ بندی کے خلاف کافی احتجاج کررہی ہیں اور انہوں نے پٹنہ، دہلی اورلکھنؤمیں اس کے خلاف جلسے بھی کئے تھے۔یوگا گرو اور کاروباری رام دیو نے کہاکہ میں نے نوٹ بندی کا بیج بویا تھا۔میں نے 2009سے 2014کے درمیان تحریک جاری رکھی اور حکومت سے 500اور1000روپے کے نوٹ واپس لینے کوکہاتھا کیونکہ یہ کرپشن، کالا دھن، دہشت گردی اور دہشت گردی کی مالی اعانت کی اصل وجہ ہے۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ نوٹ بندی کے ساتھ کالا دھن کا پیدا ہونا، کرپشن اور دہشت گردی کی فنانسنگ مکمل طور پر رک گئی ہے۔رام دیو نے کہا کہ نقدرقم بحران کی وجہ سے عام آدمی کو تکلیف ہو رہی ہے۔لیکن کوئی بھی اس کے خلاف شکایت نہیں کر رہا ہے۔اس اقدام کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے یوگا گرو نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر نشانہ لگایا اور کہا کہ انہوں نے کسی مسئلے پر ایک لفظ نہیں کہا اور اب انہوں نے اس معاملے پر تبصرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ آپ دیکھئے، یہ نوٹ بندی کا اثر ہے۔